اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ معاشی چیلنجز پر جس مؤثر انداز میں قابو پایا گیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرول کی قلت اور توانائی بحران کے باعث کئی ممالک شدید بے یقینی کا شکار ہیں، تاہم پاکستان میں حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام اور عوامی سہولت کے لیے حکومتی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے وفاقی وزراء کی جانب سے دو ماہ کی تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ حکومتی سنجیدگی اور عوام دوستی کا واضح ثبوت ہے۔ یہ اقدام اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات کا ادراک رکھتی ہے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، مخلص اور باصلاحیت قیادت ہی قوم کو مشکل حالات سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ وزیرِاعظم کی قیادت میں پاکستان نہ صرف چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے بلکہ مستقبل کی جانب ایک نئی امید اور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔












منگل 31 مارچ 2026 