بیجنگ ( نیوزڈیسک) چین کی بڑی شپنگ کمپنی کوسکو کے دو جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوگئے۔
شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق دونوں کنٹینر بردار جہاز ملائیشیا جاتے ہوئے آبنائے ہرمز عبور کر چکے، جمعہ کو دونوں جہاز آبنائے ہرمز کی طرف جاتے ہوئے واپس مڑ گئے تھے۔
واضح رہے کہ ایرانی عہدیدار نے آبنائے ہرمز کے بارے میں کہا تھا کہ کوئی بھی جہاز ایران کی منظوری کے بغیر اس آبی گزرگاہ سے نہیں گزر سکتا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہر جہاز کے دستاویزات کا بغور جائزہ لیا جائے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ایران کی سکیورٹی قوانین اور شرائط کے مطابق ہو، ایرانی حکام نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اب تک کوئی بھی جہاز جس کا تعلق ایران کی دشمن ریاستوں سے ہو، آبنائے ہرمز سے نہیں گزرا اور مستقبل میں بھی ایسا نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اعلامیے کے پیچھے ایران کی پارلیمنٹ کی حالیہ قانون سازی ہے جس میں ٹول سسٹم کے ساتھ ساتھ ایران کی منظوری کے بغیر آزادانہ گزرگاہ کا حق ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ بعض ذرائع بتاتے ہیں کہ صرف غیر جارحانہ اور ایران کے ساتھ ہم آہنگ جہازوں کو مخصوص شرائط کے تحت اجازت دی جا رہی ہے، اس صورتحال کے باعث دنیا بھر میں جہاز رانی، توانائی کی فراہمی اور عالمی تجارت پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ سیکڑوں جہاز اپنے راستے اور اجازت ناموں کے لئے ایران کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔












منگل 31 مارچ 2026 