اسقرار امن اولین ترجیح، تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، طلال چوہدری

Calender Icon منگل 31 مارچ 2026

اسقرار امن اولین ترجیح، تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ، طلال چوہدری

اسلام آباد(نیوزڈیسک)زیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پارلیمنٹ لاجز کی ابتر صورتحال اور فنڈز کے درست استعمال نہ ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے پارلیمنٹ لاجز میں صفائی کی ناقص صورتحال، دیمک اور چوہوں کی بھرمار پر سینیٹرز کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کی تائید کی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والے کام غیر معیاری ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ لاجز کے لیے مختص فنڈز میں خورد برد کی گئی ہے۔

طلال چوہدری نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایم این اے ہوسٹل میں متعدد افراد غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں، جن کے ذمہ لاکھوں روپے کرایہ واجب الادا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔

ریاستی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف “زیرو ٹالرنس” پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔