اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ کا رابطہ، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر مشاورت

Calender Icon منگل 31 مارچ 2026

اسلام آباد/انقرہ(نیوزڈیسک) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نئی جنگ کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، اس لیے صبر، تحمل اور سفارتکاری کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مل کر کشیدگی کم کرنے میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر فلسطین، بالخصوص غزہ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، جہاں جاری انسانی بحران اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

اسحاق ڈار نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسحاق ڈار چین کے دورے پر ہیں اور خطے کے دیگر اہم ممالک کے ساتھ بھی مسلسل سفارتی روابط جاری رکھے ہوئے ہیں، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔