پاکستان خطے میں قیامِ امن کے لیے پرعزم ہے، ترجمان عاصم افتخار

Calender Icon منگل 31 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک): دفترِ خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے ہفتہ وار بریفنگ میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں پر تفصیلی مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی جنگی اتحاد کا حصہ بننے کے بجائے ایک ذمہ دار سفارتی سہولت کار کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ دورے اور علاقائی وزرائے خارجہ سے رابطے اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جن کا مقصد خطے میں استحکام اور امن کو فروغ دینا ہے۔

عاصم افتخار نے ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کو عالمی سطح پر تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاملے میں غیر جانبدار رہتے ہوئے صرف مذاکرات اور پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفارتکاری کے بعض پہلو بیک چینل پر ہوتے ہیں، جو اکثر عوامی بیانات سے مختلف ہوتے ہیں، اور یہی طریقہ کار کئی بار تنازعات کے حل میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

ترجمان نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر بھی پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد سے متعلق پالیسی قومی سلامتی سے جڑا معاملہ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تاہم تمام اقدامات بین الاقوامی قوانین کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آنے والے دن سفارتی لحاظ سے انتہائی اہم ہیں، اور پاکستان کی کوشش ہے کہ کشیدگی کو جنگ میں بدلنے سے پہلے ہی روک لیا جائے اور ایک ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس میں مذاکرات کے ذریعے دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکے۔