اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے سینیٹر سرمد علی کو صدر، محترمہ ناز آفرین سہگل لاکھانی کو سینئر نائب صدر، شہاب زبیری کو نائب صدر، محمد اطہر قاضی کو سیکرٹری جنرل، محسن بلال کو جوائنٹ سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری نوید کاشف سمیت گورننگ باڈی کے دیگر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی نو منتخب قیادت کی کامیابی اس بات کا مظہر ہے کہ تنظیم کے اراکین کو ان کی صلاحیتوں اور قیادت پر بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت اخباری صنعت کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آزاد، خودمختار اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کا بنیادی ستون ہوتی ہے۔ میڈیا عوامی آگاہی، قومی ترقی اور جمہوری استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان میڈیا، خصوصاً اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی نو منتخب قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔












بدھ 1 اپریل 2026 