پاک افغان مذاکرات دوبارہ شروع ،چین میزبانی کرے گا

Calender Icon بدھ 1 اپریل 2026

بیجنگ / ارومچی (نیوز ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے امن مذاکرات چین میں دوبارہ شروع ہونے جا رہے ہیں، جس کا پہلا دور چین کے شہر ارومچی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

صحافی محسن رضا خان نےبدھ کو سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پرمعتبر افغان صحافی سمیع یوسفزئی کےحوالے سے یہ خبردی جس میں کہاگیا کہ چین کی وسیع تر سفارتی کوششوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اہم اجلاس کا آغاز ہو رہا ہے، جس کی میزبانی بھی چین ہی کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چین نے خلوص اور غیر جانبداری کے ساتھ دونوں فریقین کو مذاکرات کے لیے مدعو کیا ہے۔اجلاس کے پہلے مرحلے میں قطر، ترکی اور سعودی عرب میں ہونے والے سابقہ مذاکرات کا جائزہ لیا جائے گا اور ان کی پیش رفت پر غور کیا جائے گا۔ چینی حکام دونوں ممالک کے مؤقف کو سننے کے بعد کشیدگی کے خاتمے اور اہم مسائل کے حل کے لیے باہمی طور پر قابلِ قبول اور قابلِ تصدیق میکانزم قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان کے وفود میں سیکیورٹی، دفاع اور خارجہ امور سے متعلق اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔ اس موقع پر چین نے ایک بار پھر اپنے غیر جانبدارانہ کردار اور خطے میں امن کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔