جنگ کا اختتام قریب، فنش لائن نظر آرہی ہے، امریکی وزیرِ خارجہ کا بیان

Calender Icon بدھ 1 اپریل 2026

واشنگٹن / پیرس(ویب ڈیسک) امریکی وزیرِ خارجہ مارکو ربیو نے ایران کے ساتھ جاری تنازع پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور اس کا اختتام اب دور نہیں۔

فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مارکو ربیو نے کہا کہ یہ جنگ اگرچہ فوری طور پر ختم نہیں ہوگی، تاہم اب اس کا خاتمہ ہفتوں کی بات ہے، مہینوں کی نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور ایرانی قیادت کی جانب سے ایسے اشارے ملے ہیں کہ وہ کچھ معاملات پر بات چیت کے لیے آمادہ ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی وقت دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست رابطے یا ملاقات کا امکان بھی موجود ہے۔

مارکو ربیو نے نیٹو اتحادیوں کے رویے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے بعد امریکہ کو اس اتحاد کے ساتھ اپنے تعلقات کا ازسرِنو جائزہ لینا ہوگا۔ ان کے بقول یہ یکطرفہ تعلق نہیں ہونا چاہیے کہ امریکہ یورپ کا دفاع کرے مگر مشکل وقت میں اتحادی مکمل تعاون نہ کریں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی اور اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی عسکری صلاحیت، خاص طور پر میزائل اور ڈرون پروگرام کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور اس مہم کا بنیادی مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ امریکہ آئندہ چند ہفتوں میں اس مہم کو مکمل کر سکتا ہے۔ ان بیانات کے بعد عالمی منڈیوں میں مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے اور تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔