پاک چین بحری مشق “سی گارڈین فور”اختتام پذیر، مشترکہ سمندری طاقت کا مظاہرہ

Calender Icon بدھ 1 اپریل 2026

کراچی(نیوزڈیسک) پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے درمیان مشترکہ بحری مشق “سی گارڈین فور” کامیابی سے مکمل ہو گئی، جس نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا۔ یہ مشق 25 مارچ سے یکم اپریل تک جاری رہی اور اس دوران مختلف نوعیت کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔

مشق کے آغاز پر کراچی میں پانچ روزہ پورٹ فیز رکھا گیا، جہاں دونوں بحری افواج کے درمیان وفود کے تبادلے، پیشہ ورانہ ملاقاتوں اور سمندری چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چینی بحری جہاز “ڈاقنگ” کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ پاک بحریہ کے جہاز “پی این ایس تیمور” نے مہمان جہاز کو خوش آمدید کہا۔

اس مشق کی ایک نمایاں خصوصیت نوجوان افسران کے لیے خصوصی سیمینار کا انعقاد بھی تھا، جس میں جدید بحری حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں شمالی بحیرہ عرب میں دو روزہ سی فیز کے دوران دونوں بحری افواج نے مشترکہ آپریشنز میں حصہ لیا۔ اس دوران ایئر ڈیفنس ڈرلز، ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کی مشقیں، آبدوز کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں اور لائیو فائرنگ جیسے اہم مراحل شامل تھے، جن سے دونوں ممالک کی بحری صلاحیتوں میں مزید نکھار آیا۔

مشق کا اختتام بحیرہ عرب میں مشترکہ گشت پر ہوا، جہاں دونوں بحری افواج نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔