بھارتی اداکار و سیاستدان پون سنگھ کے خلاف ان کی اہلیہ جیوتی سنگھ نے انتہائی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی دوسری لڑکی کے ساتھ ہوٹل جاتے ہیں۔
یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ ماہ پون سنگھ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ اپنی ساتھی اداکارہ انجلی راگھو کو نامناسب طریقے سے چھوتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
39 سالہ پون سنگھ کی 2018 میں جیوتی سنگھ سے شادی ہوئی تھی. ان کی اہلیہ کی جانب سے خواتین کے ساتھ ناقابل قبول تعلقات اور ہراسانی کے شدید الزامات لگائے جارہے ہیں۔ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہوگیا جب جیوتی سنگھ پون سنگھ کی لکھنؤ رہائش گاہ پر پہنچیں تو وہاں پولیس ان کے منتظر تھی۔
پولیس کے مطابق پون سنگھ نے اپنی اہلیہ کے خلاف قانونی شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد جیوتی سنگھ کو تھانے حاضر ہونے کے لیے کہا گیا۔ تاہم جیوتی سنگھ نے تھانے جانے سے انکار کر دیا اور اس کے بعد وہ انسٹاگرام پر لائیو ہو کر روتی ہوئی نظر آئیں۔
اپنے جذباتی لائیو سیشن کے دوران جیوتی سنگھ نے کہا کہ ’’یہ سماج کی خدمت کرے گا جو اپنی بیوی کو گرفتار کروانے کے لیے پولیس کو بلاتا ہے۔ جب الیکشن ہوتے ہیں تو یہ مجھے بلاتا ہے اور میرا نام استعمال کرتا ہے، جبکہ ہوٹل میں یہ کسی اور لڑکی کے ساتھ جاتا ہے۔‘‘
یہ واقعات پون سنگھ کے کیریئر کے ایک نازک موڑ پر سامنے آئے ہیں، جہاں ان پر نہ صرف ذاتی زندگی بلکہ پیشہ ورانہ سطح پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس اسکینڈل نے زبردست تنقید کو جنم دیا ہے، جہاں صارفین پون سنگھ کے رویے پر سخت ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔