خواجہ آصف ، مولانا فضل الرحمن ملاقات، DIK ائیرپورٹ فنگشنل بنانے کا فیصلہ

Calender Icon جمعرات 2 اپریل 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمن کی تجویز پر ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنشنل کارگو ائیرپورٹ کی تعمیر کے منصوبہ پہ فی الفور کام شروع کرنے اور موجود ائیرپورٹ کو فنگشنل بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے آج اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر انہیں ڈیرہ اسماعیل خان میں نئے انٹرنشنل کارگو ائیرپورٹ کی تعمیر سمیت کئی اہم ترقیاتی منصوبوں بارے مفصل بریفننگ دی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے مولانا کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے یارک کے قریب سی پیک سے وابستہ اس انٹرنشنل کارگو ایئرپورٹ منصوبہ کو عملی جامہ پہنانےکی منظوری دے دی ہے جس کا وعدہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 2024 میں مولانا فضل الرحمن کی دعوت پر اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوران کیا تھا ۔ وزیر دفاع نے ڈیرہ اسماعیل خان کے موجودہ ائیرپورٹ کو جلد فنگشنل بنانے اور ائیرپورٹ کو پہاڑی نالوں کے سیلابی ریلوں سے بچانے کے لئے حفاظتی بند بنانے کی منظوری بارے بھی بتایا ۔ عظیم سی پیک منصوبہ کی تعمیر کے ذریعے ڈیرہ اسماعیل خان کو زمینی راستوں سے بین الاقوامی تجارت سے منسلک کرنے کے بعد مولانا فضل الرحمن نے اپنے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان کو فضائی راستوں سے عالمی تجارت سے منسلک کر کے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے ۔