بلوچستان کے سپوتوں کی عظیم قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا

Calender Icon جمعہ 3 اپریل 2026

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے افسران و جوانوں نے مختلف علاقوں میں شہداء کے مزاروں پر حاضری دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

تقریبات کے دوران شہداء کے ورثاء کے ہمراہ مزاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ بلوچستان کے سپوتوں نے دفاعِ وطن کے لیے جرأت، عزم اور ایثار کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔

خراجِ عقیدت پیش کیے جانے والے شہداء میں کوئٹہ کے سپاہی شبیر علی شہید اور محمد انور شہید، موسیٰ خیل کے سردار خان شہید، کوہلو کے حق نواز شہید اور قلعہ سیف اللہ کے نصیب اللہ شہید شامل ہیں، جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

تقریب میں مقررین کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے جب بھی ملک کو ضرورت پڑی، پاک فوج کے جوانوں نے بلا تردد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن عزیز کا دفاع یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا ہے۔

مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔