جیل میں بدترین تشددکیاگیا،پاکستان پہنچ کر سفر اور اسرائیلی قید کی روداد بیان کروں گا،مشتاق احمد

Calender Icon منگل 7 اکتوبر 2025

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق سینیٹر و رہنما جماعت اسلامی پاکستان مشتاق احمد خان نے اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد پہلا ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔

مشتاق احمد خان کے آفیشل فیس بک پیج سے جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں اپنے گلوبل صمود فلوٹیلا کے 150 ساتھیوں کے ساتھ اردن پہنچ چکا ہوں، 5 دن اسرائیل کے بدنام زمانہ جیل نیگیو میں رہنے کے بعد ہمیں رہائی مل چکی ہے۔


سابق سینیٹر نے بتایا کہ اسرائیلی قید کے دوران ہمارے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈال کر پہچھے باندھے گئے، پاؤں میں زنجیرے ڈالی گئیں، آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئیں اور ہمارے اپر کتے چھوڑے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں بدترین قسم کا ٹارچر کیا گیا، قید میں ہم نے اپنے مطالبات کیلیے 3 دن بھوک ہڑتال کی کیونکہ ہمیں کھانا، پانی، ادویات و دیگر چیزوں تک رسائی نہیں دی گئی تھی۔

’ہم رہا ہو چکے ہیں لیکن فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ اس ناکہ بندی کو توڑیں گے، ہم بار بار غزہ جائیں گے۔ مزاحمت جاری رہے گی، پاکستان پہنچ کر سفر اور اسرائیلی قید کی روداد بیان کروں گا۔‘

واضح رہے کہ مشتاق احمد خان گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل تھے جو غزہ کے فلسطینیوں کی مدد کیلیے اسپین سے روانہ ہوا تھا لیکن اسرائیلی بحریہ نے تمام کارکنوں کو منزل تک پہنچنے سے قبل ہی گرفتار کر لیا تھا۔