پاکستان کی ثالثی کو بحرین نے سراہا، اسلام آباد مذاکرات کے لیے اہم قرار

Calender Icon ہفتہ 4 اپریل 2026

پاکستان اور بحرین نے خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے دوبارہ زور دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرین کے ہم منصب عبدالطیف بن راشید الزیانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
رابطے میں خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اسحاق ڈار نے فوری طور پر کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مشرق وسطیٰ و خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان-چین کے پانچ نکاتی امن اقدام پر بھی روشنی ڈالی۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد مذاکرات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے اور باہمی رابطے مضبوط رکھنے پر اتفاق کیا۔