اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں عوامی ریلیف اقدامات اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں سے وابستہ افراد کو سبسڈی کی رقم اب ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ شفاف اور مؤثر انداز میں ریلیف براہِ راست مستحقین تک پہنچ سکے۔
انہوں نے کہا کہ بسوں، ویگنوں، ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل شروع ہو چکا ہے، اور حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی سے بچائی گئی رقم عوام کی فلاح پر خرچ کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک بھی شریک تھے، جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں جو قومی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔
ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے سبسڈی کی فراہمی شروع، وزیراعظم کا عوام کو ریلیف کا یقین
ہفتہ 4 اپریل 2026












