میٹرک اور انٹر پاس طالب علموں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

Calender Icon منگل 7 اکتوبر 2025

کراچی : میٹرک اور انٹر پاس طالب علموں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی ، اب طلبا مفت آئی ٹی شارٹ کورسز کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے چیف منسٹر پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت میٹرک اور انٹر پاس طلبہ کے لیے مفت آئی ٹی شارٹ کورسز کرائے جائیں گے۔

یہ کورسز محکمہ انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون سے تین جامعات میں منعقد کیے جائیں گے، جن میں این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، مہران انجینئرنگ یونیورسٹی حیدرآباد اور آئی بی اے سکھر شامل ہیں۔

پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 35 ہزار طلبہ کو تین مراحل میں آئی ٹی کے شارٹ کورسز کروائے جائیں گے، ابتدائی مرحلے میں 13 ہزار طلبہ کورس مکمل کرچکے ہیں، جب کہ دوسرے مرحلے میں 7 ہزار طلبہ کو شامل کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ شارٹ کورسز کی مدت دو ماہ ہوگی اور تمام تربیت مفت فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے پر 1400 ملین روپے لاگت آئے گی، جو سال 2025 اور 2026 کے بجٹ میں مختص کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کر کے روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔