واشنگٹن(نیوز ڈیسک)جبری طور پر ریٹائر کیے گئے امریکی آرمی چیف جنرل رینڈی جارج نے اپنے الوداعی پیغام میں امریکی فوج کے لیے باکردار قیادت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق سابق آرمی چیف نے آرمی سیکریٹری کو ایک ای میل لکھی ہے جس میں انہوں نے امریکی فوج کی اہمیت اور مستقبل کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
جنرل رینڈی جارج نے اپنی ای میل میں لکھا کہ امریکی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور اس کے جوان نہایت بہادر ہیں، اس لیے وہ ایسے ہی بہادر لیڈروں اور اعلیٰ کردار کی حامل قیادت کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے فوجیوں کو ایسے قائدین کی ضرورت ہے جو مضبوط عزم اور اخلاقی جرات رکھتے ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل کی قیادت بہادری اور کردار کے ساتھ فوج کو آگے بڑھائے گی۔
واضح رہے کہ یہ پیغام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تین روز قبل امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے آرمی چیف رینڈی جارج سمیت 13 جنرلز کو ان کے عہدوں سے جبری طور پر برطرف کر دیا تھا۔ اس بڑے پیمانے پر ہونے والی برطرفی نے امریکی دفاعی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔












اتوار 5 اپریل 2026 