وزارتِ داخلہ، غیر ملکیوں سے ملاقات سے پہلے پیشگی اجازت لازمی قرار

Calender Icon منگل 7 اکتوبر 2025

وزارتِ داخلہ نے اپنے تمام ماتحت اداروں کے افسران کے لیے ایک اہم پالیسی جاری کی ہے، جس کے تحت اب کسی بھی غیر ملکی شخصیت سے ملاقات یا رابطے سے قبل باقاعدہ اجازت لینا لازمی ہوگا۔

یہ نئی ہدایت ایف آئی اے، اے این ایف، اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو جاری کر دی گئی ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق، اگر کوئی افسر کسی غیر ملکی سفارت کار، مشن یا بین الاقوامی تنظیم کے نمائندے سے ملاقات کرنا چاہے — خواہ سرکاری ہو یا ذاتی حیثیت میں — تو اسے پہلے سیکرٹری داخلہ سے تحریری منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ بغیر اجازت کسی غیر ملکی فرد سے ملاقات یا بات چیت کرنا سرکاری ملازمین کے قواعد کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔ وزارتِ داخلہ نے تمام اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

اس اقدام کا مقصد حساس معلومات کا تحفظ اور بین الاقوامی رابطوں میں شفافیت قائم رکھنا ہے۔