اسلام آباد(نیوزڈیسک)آسان اقساط پر اسمارٹ فونز منصوبے کے سلسلے میں وزارت آئی ٹی ، پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز میں مشاورت مکمل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق تمام اسٹیک ہولڈرز میں قسطوں پر اسمارٹ فونز کی فراہمی کے لیے فریم ورک پر اتفاق ہوگیا۔ وزارت آئی ٹی نے پالیسی ڈائریکٹو بھی تیار کرلیا ۔ “اسمارٹ فون فار آل” منصوبے کا اعلان نومبر 2022 میں کیا گیا تھا۔
آپریٹرز نے مالیاتی رسک اور قانونی پیچیدگیوں کے حل کا مطالبہ کیا تھا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ نادہندہ صارفین کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل اور ٹیلی کام سروسز بلاک ہوں گی۔ ڈیفالٹ پر پی ٹی اے موبائل فون بلاک کرے گا۔
ذرائع کے مطابق نادہندگان کی تمام مالیاتی سروسز بلاک کرنے کی تجویز حکومت نے مسترد کر دی ۔ نادہندگان کے بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ کارڈز بند کرنے کی تجویز آپریٹرز نے پیش کی تھی۔ جواب میں حکومت نے کہا کہ مالیاتی سروسز کی بندش اسٹیٹ بینک کا دائرہ اختیار ہے۔
نمائندہ چینی ٹیلی کام آپریٹر نے کہا کہ کچھ تجاویز منظور نہ ہونے کے باوجود آپریٹرز رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ اسمارٹ فون اقساط منصوبے کا پالیسی ڈائریکٹو تیار ہے۔ نادہندہ صارف کسی دوسرے آپریٹر کی سروس حاصل نہیں کر سکے گا۔
پالیسی ڈائریکٹو کب تک جاری ہوگا یہ وزارت آئی ٹی پر منحصر ہے ۔ البتہ ڈائریکٹو جاری ہونے کے بعد تمام آپریٹرز اس پر عملدرآمد کریں گے ۔ نمائندہ چینی ٹیلی کام آپریٹر نے کہا کہ ہماری بعض موبائل فون مینوفیکچرنگ کمپنیوں سے بات چیت شروع ہے۔












اتوار 5 اپریل 2026 