ایف آئی اے کی کارروائی، افغان شہری اہلخانہ سمیت آف لوڈ

Calender Icon اتوار 5 اپریل 2026

کراچی:(نیوزڈیسک)ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران افغان شہری کو اہل خانہ کے ہمراہ آف لوڈ کردیا۔

ذرائع ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے پاکستانی پاسپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے کابل جانےوالے جلال الدین کو اہل خانہ کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ پر آف لوڈ کیا۔

اس سےقبل 6 سے 7 بار افغانستان کا سفر کرنے والا ملزم اس بار اپنے دو بچوں اور اہلیہ کے ساتھ سفر کر رہا تھا،ملزم کے موبائل فون سےتحریک طالبان سے متعلق ویڈیوزاور تصاویر بھی برآمد ہوئیں، کراچی کے رہائشی ملزم سے افغان سیٹیزن کارڈ سمیت پاکستان سے واپس جانے والے افغان شہریوں کی فہرست بھی برآمد ہوئی۔

ملزم کے مطابق افغانستان میں کاروبار کے لیے درکار شرط کے مطابق افغان سیٹیزن کارڈ ایجنٹ سے 25 ہزار افغانی کرنسی کے عوض حاصل کیا تھا، افغانستان میں کنسٹرکشن بزنس کے آغاز سمیت افغان دستاویزات کے حصول میں اسکے پڑوسی نے معاونت کی تھی۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔