میں ان کے دماغوں کی بھی صفائی کر رہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز

Calender Icon منگل 7 اکتوبر 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے تحت نئے سینی ٹیشن فلیٹ کی نقاب کشائی کی اور کہا کہ یہ پروگرام صوبے میں زیرو ویسٹ فیوچر کی تشکیل کے لیے ایک سنگ میل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ستھرا پنجاب پروگرام میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے۔ اس پروگرام کے ہیروز ہماری ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔ اس وردی کو پہن کر میں نے پیغام دیا ہے کہ آپ مجھ سے اور میں آپ سے ہوں۔‘

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب بھر میں صفائی کا پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور شہروں و دیہاتوں میں اس کا آغاز مثالی ہے۔ انہوں نے پروگرام کے کارکنوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں کو صاف کر کے میرا سر فخر سے بلند کر دیا۔ سیلابی صورتحال میں حکومت اور انتظامیہ نے ایک ٹیم بن کر کام کیا، جبکہ ’ستھرا پنجاب‘ کے کارکنوں نے متاثرہ علاقوں کو شیشے کی طرح چمکا دیا۔‘ انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے رضاکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

 

انہوں نے بتایا کہ ’ستھرا پنجاب‘ 35 ہزار مشینری اور 1.5 لاکھ فورس کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا صفائی پروگرام ہے۔ ایک سال کے اندر تمام اضلاع کو مشینری اور گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ لاکھوں کنٹینرز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔ مریم نواز نے سیکرٹری بلدیات پنجاب کی محنت کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور بتایا کہ عید قربان پر صفائی کے لیے خصوصی مہم چلائی گئی۔

سابقہ ادوار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’تبدیلی کے دعویداروں اور گوگی پنکی کے دور میں پنجاب کی گلیوں میں کچرے کے ڈھیر تھے۔ جب شہباز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو صفائی کا نظام بھی ختم ہو گیا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ان کے دماغوں کی بھی صفائی کر رہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں۔‘

 

مریم نواز نے اپنے ویژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں سندھ اور بلوچستان کو بھی اتنا ہی صاف دیکھنا چاہتی ہوں۔‘ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام صوبے کو صاف ستھرا بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک مثال بنے گا۔