الیکٹرک بسوں کی تشہیر کیلئے ایک ارب فنڈز کی ڈیمانڈ مسترد

Calender Icon منگل 7 اکتوبر 2025

 محکمہ خزانہ پنجاب نے الیکٹرک بسوں (electric bus) کی تشہیر کیلئے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی ایک ارب روپے فنڈز کی درخواست مسترد کر دی۔

ذرائع محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقاریب اور میڈیا مہم کیلئے فنڈز کی درخواست غیر ضروری ہے، اخراجات کے تخمینے ضرورت سے زیادہ اور تفصیل کے بغیر ہیں۔
 سیلاب متاثرین کی بحالی کے بھاری اخراجات ہیں، نئی مہم کیلئے رقم دستیاب نہیں،آئی ایم ایف پہلے ہی صوبے میں اخراجات کنڑول کرنے کا کہہ رہا ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ کو منصوبہ دوبارہ پیش کرنے اور اخراجات کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ کا موقف ہے کہ محکمہ خزانہ نے کسی سمری کو مسترد نہیں کیا،محکمہ خزانہ کی طرف سے رائے دی گئی، جس کا فیصلہ کابینہ نے کیا،ای بسوں کا منصوبہ رواں اور گزشتہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔
یہ پی این ڈی کی منظور شدہ اسکیمیں ہیں اور تمام اخراجات سالانہ ترقیاتی پروگرام کی دستاویزات میں شامل ہیں،لانچنگ تقریبات کے اخراجات کو تصدیق شدہ اکاؤنٹ کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

تمام سرکاری اخراجات بشمول ای بسوں کے منصوبے کا باقاعدہ سرکاری آڈٹ ہوتاہے،ای بسوں کے پراجیکٹ کو حکومت پنجاب کی طرف سے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔