اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی اعجاز حسن جاکھرانی کے والد اور سابق رکن قومی اسمبلی نواب میر بابل خان جاکھرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواب میر بابل خان جاکھرانی ایک باوقار اور بااثر سیاسی و سماجی شخصیت تھے، جنہوں نے عوامی خدمت کے ذریعے معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی عوامی اور سیاسی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا اور ان کا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اعجاز حسن جاکھرانی اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین قدرت کا انمول تحفہ ہوتے ہیں اور ان کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان اور عظیم صدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں جاکھرانی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔












منگل 7 اپریل 2026 