وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، فیلڈ مارشل اپنی مدت پوری کرکے سیدھےگھرجائیں گے، فیلڈ مارشل وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر نہیں جائیں گے، نوازشریف وزیراعظم بننا چاہیں تو انہیں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، وزیراعظم شہبازشریف نوازشریف کے قدموں میں وزارت عظمیٰ رکھ دیں گے۔
سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کےساتھ کوئی مسئلہ نہیں،پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے اکثر مواقع پر تعاون بھی کیا ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ دشمن سیاسی جماعتیں نہیں،ایک جماعت دشمنی کاجذبہ رکھتی ہے جبکہ ہم نہیں رکھنا چاہتے۔
راناثنااللہ کا کہناتھا کہ بلاول بھٹو کی بات کو ہم غلط یا درست سمجھیں،انہیں اپنی بات کرنے کا حق ہے، بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین سے متعلق بات کی،مریم نواز کو اچھی نہیں لگی، پنجاب کے معاملے پر بات کرنا مریم نواز کا حق ہے، مریم نواز ، عثمان بزدار نہیں ہیں، بات دور تک نہیں جائےگی،سیاستدان بات نہیں کرےگا توکیا کرےگا۔
ان کا کہناتھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، فیلڈ مارشل اپنی مدت پوری کرکے سیدھےگھرجائیں گے، فیلڈ مارشل وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر نہیں جائیں گے، موجودہ سیاسی قیادت کواپنےسیاسی مسائل ٹیبل پربیٹھ کرحل کرنےچاہئیں، “اُس” طرف سے کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔
ان کا کہناتھا کہ نوازشریف وزیراعظم بننا چاہیں تو انہیں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، وزیراعظم شہبازشریف نوازشریف کے قدموں میں وزارت عظمیٰ رکھ دیں گے، نوازشریف کا الیکشن سے پہلے فیصلہ تھا کہ اتحادی حکومت کو لیڈ نہیں کروں گا۔