پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، وزیراعظم کا آج قوم سے خطاب متوقع

Calender Icon بدھ 8 اپریل 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا آج قوم سے خطاب بھی متوقع ہے جس میں شہباز شریف خطے کی تازہ صورتحال اور پاکستان کے مؤقف اور قیام امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور کھپت سے متعلق حکومتی حکمت عملی بیان کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ توانائی بحران اور ایندھن کے استعمال میں بچت سے متعلق اقدامات پر بھی بات متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم عوام سے مشکل حالات میں قومی یکجہتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کریں گے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے اثرات پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر پڑیں گے اور پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوگا،علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی آئندہ سفارتی حکمت عملی پر غور ہوگا۔ عوامی ریلیف اور معاشی استحکام سے متعلق اقدامات کا جائزہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی صدر مملکت سے ملاقات متوقع جبکہ وزیراعظم کیجانب سے قوم کو آج اہم معاملات پر اعتماد میں لیے جانے کا بھی امکان ہے۔ ملکی استحکام، معاشی بہتری اور امن کے قیام کیلئے حکومتی لائحہ عمل بھی قوم کے سامنے رکھا جائے گا۔