افغان طالبان فتنہ الخوارج گٹھ جوڑ بے نقاب،عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کی تائید

Calender Icon جمعرات 9 اپریل 2026

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) افغان طالبان اور فتنہ الخوارج گٹھ جوڑ بے نقاب،عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی تائید ہوگئی۔ افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں پروان چڑھتی دہشت گردی نہ صرف پڑوسی ممالک بلکہ خطے کے امن و استحکام کیلئے بھی سنگین خطرہ بن گئی ہے۔

امریکی جریدہ ” یوریشیاریویو”نے بھی افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کے گٹھ جوڑ کو آشکار کردیا۔ امریکی جریدہ یوریشیاریویو کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے درمیان غیراعلانیہ معاہدہ ہے۔ افغان طالبان رجیم افغانستان میں موجودہ دہشت گرد تنظیموں کابخوبی علم رکھتی ہے مگر اسےظاہر نہیں کرتی۔ اگر افغان طالبان خوارج کی موجودگی کو کھل کر تسلیم کریں تو پھر انہیں خوارج کیخلاف کارروائی کرنا پڑے گی۔ افغانستان فتنہ الخوارج کومحفوظ پناہ گاہیں فراہم کررہا ہے جو طویل عرصے سے پاکستان میں خونریزی میں ملوث ہیں۔

عالمی ماہرین کے مطابق عالمی جریدے کا افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق پاکستانی مؤقف کی تائید کرنا ثابت کرتا ہے کہ پاک فوج کا دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن “غضب للحق” بالکل درست ہے۔ افغان طالبان اپنے بھارتی آقاؤں کی سرپرستی میں اپنا ناجائز تسلط قائم رکھنے کیلئے دہشت گرد تنظیموں کی سہولت کاری کررہے ہیں۔