پنجاب اور سندھ کے شوگر مل مالکان نے شکایت کی ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹریک اینڈ ٹریس (ٹی اینڈ ٹی) پورٹل کی بندش کے باعث شوگر ملوں سے مال کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، جس سے ملکی منڈی میں ممکنہ قلت اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
نجی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کو ارسال کردہ ایک خط میں نشاندہی کی کہ دونوں صوبوں کی ملز کئی روز سے پورٹل کی غیر فعالیت کے باعث بار بار تعطل کا سامنا کر رہی ہیں۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ خصوصاً ستمبر اور گزشتہ ہفتے کے دوران پورٹل کی بار بار بندش ملوں کو چینی اٹھانے سے روک رہی ہے، جس کے نتیجے میں منڈی میں سپلائی متاثر ہو رہی ہے اور قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر یہ غیر ضروری رکاوٹیں جاری رہیں تو پیدا ہونے والی قلت مزید مہنگائی کا باعث بن سکتی ہے۔
ملز مالکان کے مطابق خصوصاً جنوبی پنجاب اور اندرونِ سندھ کی ملز میں تعینات ایف بی آر کے اہلکار ملز کے گیٹس پر کلیئرنس نہ دے کر ترسیلات روک رہے ہیں، ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا کہ یہ معمول بنتا جا رہا ہے جس سے سپلائی چین میں سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔