اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ دستور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پوری قوم آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبے کے ساتھ منا رہی ہے اور اس تاریخی موقع پر دستور کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے درمیان ایک مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والے متفقہ آئین نے پاکستان میں پارلیمانی جمہوری نظام کی بنیاد رکھی اور ریاستی اداروں کے مضبوط ڈھانچے کو یقینی بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 1973 کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ نہ صرف ان حقوق کی وضاحت کرتا ہے بلکہ ان کے تحفظ کے لیے مؤثر قانونی طریقہ کار بھی فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق یہ آئین وفاقِ پاکستان اور قومی اتحاد کی ایک روشن علامت ہے، جہاں تمام اکائیاں آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے قومی یگانگت اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی اتفاق اور یکجہتی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان عزت و وقار کے ساتھ اقوامِ عالم میں اپنا مقام بنائے ہوئے ہے اور ان شاء اللہ ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔ پاکستان زندہ باد۔












جمعہ 10 اپریل 2026 