اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ دستور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 1973 کا آئین قومی وحدت کی علامت اور ریاست کا بنیادی قانونی و سیاسی فریم ورک ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ 1973 کا آئین طویل مشاورت اور وسیع اتفاقِ رائے کا نتیجہ تھا اور اس کی متفقہ منظوری ہی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود آئین نے ریاستی تسلسل کو برقرار رکھا اور اداروں کے استحکام کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ 1973 کے معمارِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو تھے، جبکہ مختلف ادوار میں سیاسی جماعتوں نے اس آئین کا دفاع کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا اور میثاقِ جمہوریت جمہوری نظام کی مضبوطی کی بنیاد بنا۔
صدر مملکت کے مطابق آئین عدالتوں، تعلیمی اداروں اور انتظامیہ کے نظام کو متعین کرتا ہے اور اس کا مؤثر نفاذ عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی اپنے مقدر کے اصل مالک ہیں اور آئین کی اصل اہمیت اس کے مخلصانہ نفاذ میں مضمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط جمہوریت کے لیے آئین پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے اور یہی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی ضمانت ہے۔












جمعہ 10 اپریل 2026 