ملک بھر کے دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی کفایت شعاری پالیسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
کفایت شعاری پالیسی کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں نئے اوقات کار نافذ کر دیے گئے ہیں۔
سندھ حکومت کے مطابق صوبے میں مارکیٹس، ہوٹلز اور شادی ہالز کے نئے اوقات کار نافذ کر دیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے حکومتِ سندھ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات ہفتے کے ساتوں دن نافذ العمل ہوں گے، تندور، دودھ کی دکانیں، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس شام 7 بجے سے رات ساڑھے 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی، ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کوئی پابندی عائد نہیں ہو گی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے 12 بجے تک تقریبات کی اجازت ہو گی۔
واضح رہے کہ خلیج کی جنگ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے لیے اقدامات کیے تھے جن پر سندھ کے سوا ملک بھر میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، مارکیٹیں، مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اب صوبۂ سندھ نے بھی اس کفایت شعاری پالیسی کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔












جمعہ 10 اپریل 2026 