بھارتی کرکٹ لیگ ڈالرز کی ریل پیل سے کرکٹرز کو ورغلانے لگی

Calender Icon بدھ 8 اکتوبر 2025

بھارتی کرکٹ لیگ ڈالرز کی ریل پیل سے کرکٹرز کو ورغلانے لگی۔ بھارتی لیگ کے ایک ٹیم گروپ نے کرکٹرز کو ڈالرز کا لالچ دے دیا۔ کرکٹرز نے ڈالرز کی بجائے نیشنل ڈیوٹی کو ترجیح دی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق 2 آسٹریلوی کرکٹرز کو آسٹریلوی کرکٹ چھوڑنے کے لیے 10 ملین ڈالرز کی پیشکش کی گئی، کرکٹرز کو تقریباً 10 ملین ڈالرز کا سالانہ دینے کا کہا گیا۔

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور نائب کپتان ٹریوس ہیڈ کو کل وقتی اوورسیز ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کے لیے پیشکش کی گئی، کرکٹرز کو پیشکش بھارتی پریمیئر لیگ کے ایک ٹیم گروپ نے رواں برس کے آغاز میں کی۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ نے بھارتی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا، ٹاپ آسٹریلوی کرکٹرز نیشنل کنٹریکٹس سے سال میں 1.5 ملین ڈالرز کماتے ہیں، پیٹ کمنز کپتانی کا الاؤنس ڈال کر تقریباً 3 ملین ڈالرز کماتے ہیں۔

کرکٹرز نے بھارت کے ٹیم گروپ کو بتایا کہ ان کی ملک سے مکمل کمٹ منٹ ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈالرز کی پیشکش کا انکشاف بگ بیش لیگ کو پرائیویٹائز کرنے کے حوالے سے ہونے اجلاس میں ہوا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ کرکٹ آسٹریلیا کی مالی معاملات میں کس قدر کمزوری پائی جاتی ہے، اجلاس میں کرکٹرز کو ہونے والی آفرز کو اس کی مثال قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ 2023ء میں انگلینڈ کے جوفرا آرچر کو بھارتی لیگ کی ایک ٹیم نے پیشکش کی تھی، ان کو ایک سال کے لیے 7.5 ملین ڈالرز کی آفر کی گئی تھی، جو انہوں نے ٹھکرادی تھی۔