اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وفد اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی الگ الگ ملاقات ہوئی ہے۔قطری ٹی وی کے مطابق ایرانی وفد نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر نے وفد کی قیادت کی، وزیرخارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ ایرانی وفد نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے امن مذاکرات کے آغاز سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، اس دوران وزیراعظم نے اُمید کا اظہار کیا کہ یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکہ ایران مذاکرات کے سلسلے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں وفد پاکستان پہنچ چکا ہے، پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی امریکی وفد کے طیارے کے گرد پاکستان ائیر فورس کے چھ ایف 16 طیاروں نے حصار بنایا، جس کے بعد امریکی وفد کے طیارے نے نور خان ایئر بیس پر لینڈنگ کی جہاں وفد کی اسلام آباد آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان پہنچنے پر فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کے ساتھ خوشگوار ماحول میں گفتگو کی، نور خان ایئربیس پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور پاکستان مین امریکی سفیر نیٹلی بیکر بھی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو خوش آمدید کہنے والوں میں شامل تھیں۔
معلوم ہوا ہے کہ جنگ بندی کے بعد امریکہ سے مذاکرات کیلئے ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے، ایرانی وفد میں سپیکر باقر قالیباف کے ساتھ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، دفاعی کونسل کے سیکریٹری، مرکزی بینک کے گورنر اور پارلیمنٹ کے دیگر اراکین شامل ہیں، ایرانی وفد کا استقبال نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی استقبال کے موقع پر موجود تھے۔












ہفتہ 11 اپریل 2026 