فلم میرا لیاری یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی

Calender Icon اتوار 12 اپریل 2026

کراچی (ویب ڈیسک) اداکارہ عائشہ عمر کی پیشکش فلم ’میرا لیاری‘ کو یوکے ایشین فلم فیسٹیول کے 28ویں ایڈیشن میں شامل کر لیا گیا ہے جہاں اس کی نمائش 2 مئی کو ہوگی۔
فلم کی کہانی لیاری کے سپورٹس کلچر، مقامی تہذیب اور خواتین کی خودمختاری کے گرد گھومتی ہے جو اس علاقے کی ایک مختلف اور مثبت تصویر پیش کرتی ہے۔

یہ فلم ابتدا میں بہناز کے نام سے پیش کی جانی تھی تاہم بھارتی پروپیگنڈا فلم ’دھریندر‘ کی ریلیز کے بعد اس کا نام تبدیل کر کے میرا لیاری رکھ دیا گیا جس کے بعد یہ خاصی خبروں میں رہی۔

سندھ حکومت نے ڈائریکٹر ابو علیحہ کی اس فلم کو پاکستان مخالف بھارتی فلم کا جواب قرار دیا تھا۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے جنوری میں اس فلم کی ملک بھر میں ریلیز کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم یہ ممکن نہ ہو سکا۔ اب میرا لیاری 8 مئی کو پاکستان بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم کے ذریعے دنا نیر مبین فلمی دنیا میں قدم رکھ رہی ہیں جبکہ کاسٹ میں نئیر اعجاز، سمیعہ ممتاز، عدنان شاہ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

فلم میں عائشہ عمر نے اداکاری کے فرائض کے ساتھ بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی فرائض سرانجام دئے ہیں

اداکارہ عائشہ عمر نے سال 2024 میں اپنی فلم ٹکسالی گیٹ سے بطور پروڈیوسر فلمی دنیا میں قدم رکھے تھے۔

یاد رہے کہ 2022 میں ڈائریکٹر ابو علیحہ اپنی فلم جاوید اقبال کے لیے اسی فیسٹیول میں بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ جیت چکے ہیں جبکہ اداکار یاسر حسین نے بدنام زمانہ سیریل کلر ’جاوید اقبال‘ کے مرکزی کردار کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔