ڈیجیٹل خلیج کم کرنے کیلئے ایس سی او کا اہم اقدام،افتخار آباد،بھمبر میں 4G سروسز متعارف

Calender Icon پیر 13 اپریل 2026

 سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (sco) نے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے علاقے افتخار آباد میں ٹیلی کمیونیکیشن نظام کو جدید بناتے ہوئے 2جی سروس کو اپ گریڈ کر کے ہائی اسپیڈ 4جی سروس متعارف کرا دی ہے۔

حکام کے مطابق اس اپ گریڈیشن کے بعد صارفین کو نہ صرف تیز رفتار انٹرنیٹ بلکہ بہتر کنیکٹیویٹی اور مضبوط سگنلز بھی میسر آئیں گے، جس سے روزمرہ ڈیجیٹل سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ایس سی او کی جانب سے فراہم کردہ جدید 4جی سروسز سے طلبہ، کاروباری افراد اور عام صارفین یکساں طور پر مستفید ہوں گے۔ تیز رفتار انٹرنیٹ کی بدولت آن لائن تعلیم، ای کامرس اور دیگر ڈیجیٹل خدمات تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔

مقامی افراد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2جی سروس کی وجہ سے انہیں انٹرنیٹ کے استعمال میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس کے باعث آن لائن کاموں میں تاخیر اور رکاوٹیں معمول بن چکی تھیں۔

مزیدپڑھیں: گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل انقلاب؛ وادیٔ سوق میں ایس سی او کی 4G سروسز متعارف

اہل علاقہ کے مطابق کم رفتار انٹرنیٹ نے نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں بلکہ کاروباری امور کو بھی متاثر کیا، تاہم اب 4جی سروس کی فراہمی سے ان کے کام زیادہ مؤثر، تیز اور بروقت مکمل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے اس جدید سہولت کی فراہمی پر ایس سی او اور ڈی جی ایس سی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ترقیاتی اقدامات جاری رہیں گے، جو دور دراز علاقوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔