علی امین گنڈاپور وزارت اعلیٰ سے فارغ ، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

Calender Icon بدھ 8 اکتوبر 2025

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ طلب کر لیا ہے، جس کی تصدیق پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ طے ہے کہ علی امین گنڈاپور اب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نہیں رہیں گے اور انہیں ہٹانے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ یہ فیصلہ خود بانی پی ٹی آئی نے کیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کی جگہ ایم پی اے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ بانی نے کہا کہ تبدیلی کے بغیر چارہ نہیں، اس لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہادتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس سال دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

نئے منتخب ہونے والے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر کے شوبر قبیلہ سے ہے اور وہ زمانہ طالب علمی سے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستہ رہے ہیں۔ سہیل آفریدی نے عام انتخابات میں حلقہ پی کے 70 خیبر سے کامیابی حاصل کی تھی اور اب انہیں نئی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے اس فیصلے سے صوبائی سیاست میں اہم تبدیلی متوقع ہے، جبکہ پارٹی قائدین نے تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اتحاد کی اپیل کی ہے۔