وزیراعظم محمد شہباز شریف (Shahbaz Sharif) نے آج شام سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی اس موقع پر وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے گفتگو کی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مدبرانہ قیادت، صبر اور تحمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نہ صرف سعودی عرب بلکہ خطے میں امن کے خواہاں تمام لوگوں کے لیے حوصلے اور اعتماد کا باعث ہے۔
مزید پڑھیں:ایران کیساتھ بات چیت مثبت، مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوگا، کیرولائن لیویٹ
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی امن کوششوں اور حالیہ سفارتی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار پر روشنی ڈالی، جسے سعودی قیادت نے سراہا۔
دوطرفہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے معاشی استحکام اور اقتصادی تعاون کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ تاریخی، برادرانہ اور اسٹریٹجک نوعیت کے ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے، خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔












جمعرات 16 اپریل 2026 