کیا سیف علی خان پر ہونے والا حملہ ’جعلی‘ تھا؟

Calender Icon جمعرات 9 اکتوبر 2025

معروف اداکار سیف علی خان نے آخرکار اپنے بنگلے میں ہونے والے چاقو حملے پر خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد جب وہ اسپتال سے باہر نکلے تو وہیل چیئر استعمال کرنے کے بجائے خود چل کر جانے کا فیصلہ کیا تاکہ مداحوں کو یہ یقین دلایا جا سکے کہ وہ خیریت سے ہیں۔

سیف علی خان کو اس حملے میں ریڑھ کی ہڈی کے قریب متعدد زخم آئے تھے، جس کے باعث انہیں تقریباً ایک ہفتہ اسپتال میں زیرعلاج رہنا پڑا۔ لیکن جب وہ اسپتال سے باہر آئے تو ان کی پُر اعتماد چال نے سب کو حیران کر دیا۔

سفید شرٹ اور جینز میں ملبوس اداکار کے پرسکون انداز نے سوشل میڈیا پرشکوک و شبہات کو جنم دے دیا، جہاں کچھ لوگوں نے ان کی ہمت کو سراہا، وہیں کئی نے اس واقعے کو ”جعلی“ قرار دیا۔

پروگرام ”ٹو مچ وِد کاجول اینڈ ٹوئنکل“ میں گفتگو کے دوران سیف علی خان نے اپنے اوپر ہونے والے حملے کی تفصیلات بیان کیں اور خوفناک لمحات کا ذکر کیا۔

جب میزبان کاجول نے سیف سے پوچھا، ’ہم نے ایک ویڈیو دیکھی تھی جس میں آپ اسپتال سے نکلنے کے بعد گاڑی سے اتر کر خود چلتے ہوئے نظر آئے۔ مجھے حیرت ہوئی، اتنے گہرے زخموں کے بعد آپ نے ایسا کیسے کرلیا؟“

اداکار نے جواب دیا, ’جب سب کچھ ختم ہوا تو بہت سے لوگ مختلف مشورے دے رہے تھے، کوئی کہہ رہا تھا وہیل چیئر میں جاؤ، کوئی کہہ رہا تھا ایمبولینس میں۔ مگر میرا دل کہہ رہا تھا کہ کیوں خوف یا گھبراہٹ پھیلائی جائے؟۔ زخم گہرے ضرور تھے مگرٹانکے لگ گئے تھے، میں ایک ہفتے تک اسپتال میں رہا۔ چلنا تکلیف دہ تھا، لیکن ممکن تھا، اس لیے وہیل چیئر کی ضرورت نہیں تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مقصد صرف لوگوں کو اطمینان دلانا تھا، ’میں نہیں چاہتا تھا کہ میرا خاندان، مداح یا خیرخواہ فکر میں پڑیں۔ میں نے سوچا، بس خود چل کر باہر آؤں تاکہ سب کو اطمینان ہو جائے کہ سب بہتر ہے۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کو ”جعلی“ قرار دینے والی آراء کے جواب میں سیف علی خان نے کہا، ’میرا مقصد صرف یہ دکھانا تھا کہ میں ٹھیک ہوں۔ لیکن دنیا ایسی ہے جہاں ہر چیز پر شک کیا جاتا ہے۔ کچھ لوگوں نے کہا یہ سب جھوٹا ہے، مگر میں جانتا ہوں حقیقت کیا تھی۔‘

سیف نے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ، معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے بھی انہیں وہیل چیئر استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس پر پروگرام کی میزبان ٹوئنکل کھنہ نے بتایا، ’میں نے آنٹی شرمیلا سے بات کی، وہ کہہ رہی تھیں کہ میں نے سیف سے کہا تھا وہیل چیئر میں جاؤ، مگر وہ میری کبھی نہیں سنتا ہے۔ اگر وہ سنتا تو اتنی بحث ہی نہ ہوتی۔‘

سیف علی خان نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ وہ اس واقعے سے کافی سبق سیکھ چکے ہیں، اور اب وہ اپنی حفاظت کے حوالے سے پہلے سے زیادہ محتاط رہیں گے۔