وزیرِ اعظم شہباز شریف کا فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

Calender Icon جمعرات 9 اکتوبر 2025

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے دارابان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جنہیں وزیرِ اعظم نے ملک دشمن عناصر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر پوری قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میجر سبطین حیدر اور ان جیسے بہادر سپوتوں کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور بقا کی ضمانت ہیں۔ وزیرِ اعظم نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دن رات وطنِ عزیز کی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ میں مصروفِ عمل ہیں، اور قوم کو اپنے ان جانباز سپوتوں پر فخر ہے۔

وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج جیسے عناصر ریاست، دین اور معاشرتی امن کے دشمن ہیں، جن کا انجام ہمیشہ ذلت اور ہلاکت ہی ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور بہادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ دراصل پاکستان کے روشن اور پرامن مستقبل کی جنگ ہے۔