اسرائیلی حراست سے رہائی پانے والے سینیٹر مشتاق احمد پاکستان پہنچ گئے

Calender Icon جمعرات 9 اکتوبر 2025

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل سابق سینیٹر مشتاق احمد خان پاکستان پہنچ گئے۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان غیر ملکی پرواز جی ایف 770 پر بحرین سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے ہیں جہاں ان کا سیکڑوں افراد نے شاندار استقبال کیا۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی آمد کے موقعے پر سینکڑوں افراد اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر فلسطینی پرچموں کی بہار آئی ہوئی ہے۔

7 اکتوبر کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے تصدیق کی تھی کہ جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو اسرائیل کی قید سے رہا کردیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت اردن میں پاکستان کے سفارتخانے میں محفوظ اور صحت مند ہیں، سفارتخانہ ان کی خواہشات اور سہولت کے مطابق وطن واپسی میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گزشتہ شب اردن میں پاکستانی سفارت خانے نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، جنہیں اسرائیل نے گزشتہ ہفتے فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والی کشتیوں کے ایک فلوٹیلا کو روکنے کے بعد حراست میں لیا تھا، بحفاظت پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ 45 کشتیوں پر مشتمل ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر عائد غیر قانونی ناکہ بندی کو توڑنے کے مقصد سے گزشتہ ماہ اسپین سے روانہ ہوا تھا۔

2 اکتوبر کو اسرائیلی بحریہ نے اس قافلے کو روکا، کمانڈوز نے کشتیوں پر چڑھائی کی اور تمام شرکا کو گرفتار کر لیا تھا جس میں سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان بھی موجود تھے۔