وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام پورٹل کا افتتاح کردیا

Calender Icon جمعرات 9 اکتوبر 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے  ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے پورٹل کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل ٹچ کے ذریعے پورٹل لانچ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پنجاب میں زرعی انقلاب کا آغاز ثابت ہوگا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ “ہم پنجاب کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتے ہیں تاکہ کسانوں کی پیداواری صلاحیت بڑھے اور صوبے کی معاشی ترقی کو فروغ ملے۔”

اجلاس کے دوران سیکرٹری زراعت نے وزیراعلیٰ کو پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس پروگرام کے تحت 12 اقسام کی ہائی ٹیک زرعی مشینری کے لیے کسانوں، سروس پرووائیڈرز اور ایگری کمپنیوں کو 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ قرضوں کی ادائیگی کے لیے چھ ماہ کی رعایتی مدت مقرر کی گئی ہے، جبکہ باقی رقم سہ ماہی اقساط میں پانچ سال کے دوران ادا کی جائے گی۔ درخواست دہندگان اس پروگرام کے لیے خصوصی پورٹل کے ذریعے اپلائی کر سکتے ہیں۔

پروگرام میں شامل ہائی ٹیک زرعی مشینری میں ویٹ کمبائن ہارویسٹر، ملٹی کراپ پلانٹر، رائس پلانٹر، نرسری مشین، رائس ہارویسٹر، ویٹ سٹرابیلر، مییزکوب ہارویسٹر، سائلج ہارویسٹر، مییزکوب ڈرائر، آرچڈ پرنیر، آرچڈ ایئر بلاسٹ سپریئر، سنٹرل پیوٹ ایریگیشن سسٹم اور ہائی پاور ٹریکٹر شامل ہیں۔ یہ مشینری چین کی 27، ترکی کی 10، اٹلی کی 5، جاپان، امریکہ، برازیل، سپین اور بیلاروس کی کمپنیوں کی تیار کردہ ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ پروگرام زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے گا اور کسانوں کی معاشی خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قرضوں کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔