لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے “پی سی بی لائیو” کے نام سے اپنا آن لائن سٹریمنگ OTT پلیٹ فارم لانچ کر دیا ہے، اس فیصلے کا مقصد کرکٹ شائقین کو لائیو میچز دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
‘پی سی بی لائیو’ ویب بیسڈ سٹریمنگ سروس فی الحال برطانوی کرکٹ شائقین کے لیے آزمائشی بنیادوں پر شروع کی گئی ہے۔ برطانوی کرکٹ شائقین https://live.pcb.com.pk/ پر خود کو رجسٹرڈ کروانے کے بعد پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ سیریز کے میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔ یاد رہے کہ یہ سیریز 12 اکتوبر 2025 سے شروع ہو رہی ہے۔
اکتوبر 2025 کے آخری ہفتے میں ‘پی سی بی لائیو’ کی موبائل ایپلیکیشن بھی برطانوی صارفین کے لیے دستیاب ہو جائے گی، جسکے ذریعے شائقین اپنے موبائل فونز اور سمارٹ ڈیوائسز پر “پی سی بی لائیو” نامی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد لائیو میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شروع کیا جانے والا یہ پہلا لائیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ہے، جو لائیو کرکٹ میچز کے ساتھ ساتھ کھیل کے تاریخی لمحات کی ویڈیوز اور آرکائیو فوٹیج بھی فراہم کرے گا۔ اس پلیٹ فارم سےجو انٹرنیشنل میچز براہ راست دکھائے جائیں گے ان میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کے درمیان اگلے چند ہفتوں میں ہونے والی سہ فریقی سیریز بھی شامل ہے، اس کے علاوہ شائقین کرکٹ پرانے یادگار کرکٹ میچز اور ہائی لائٹس سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
پی سی بی لائیو نامی جدید ترین سٹریمنگ سروس شائقین کو پاکستان کرکٹ کی دنیا تک بے مثال رسائی فراہم کرے گی۔ اس پلیٹ فارم پر کھلاڑیوں کے انٹرویوز، دستاویزی فلمیں، تازہ اپ ڈیٹس اور ٹریننگ سیشنز بھی دستیاب ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ کے سفر میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم کا اغاز ایک تاریخی سنگِ میل ہے جو مستقبل کی سوچ کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ‘پی سی بی لائیو’ کا آغاز برطانیہ سے کیا جا رہا ہے، مگر ہم بتدریج اس کی رسائی دیگر خطوں تک بھی بڑھائیں گے تاکہ ہمارے شائقین دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، اپنے پسندیدہ کھیل سے جڑے رہیں۔