وشکاپٹنم: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے ایک سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے میزبان بھارت کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔ بھارت نے ریشا گھوش کی شاندار 94 رنز کی اننگز کی بدولت 49.5 اوورز میں 251 رنز بنائے، لیکن جنوبی افریقہ نے نادین ڈی کلیرک کی 84 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت 48.5 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ یہ جنوبی افریقہ کی ٹورنامنٹ میں دوسری فتح ہے، جبکہ بھارت کو دو میچز میں ایک جیت اور ایک ہار کا سامنا ہے۔
ویزاکھاپٹنم کے ڈی وائی ایس راج شیکھر رڈی سٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر سے ہوا۔ جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولورڈٹ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے پاور پلے میں بغیر نقصان کے 55 رنز بنائے، لیکن اس کے بعد ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا۔ سمرتی منڈھانا (23)، ہرلین دیول (13)، اور جیمیمہ روڈریگز زیروپر جلد آؤٹ ہوئیں، اور بھارت 102 رنز پر 6 وکٹیں گنوا بیٹھا۔
ریشا گھوش نے نمبر 8 پر بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار 94 رنز (77 گیندیں، 11 چوکے، 4 چھکے) بنائے اور سنہ رانا (33) رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئیں ۔ اس شراکت نے بھارت کو 251 رنز تک پہنچایا، لیکن آخری اوورز میں وکٹیں گرنے سے سکور بڑھ نہ سکا۔ جنوبی افریقہ کی کولی ٹرائن (3/32) نے عمدہ باؤلنگ کی۔