پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، ایکس ریفائنری لاگت کم ہونے کے باوجود بوجھ بڑھ گیا

Calender Icon ہفتہ 25 اپریل 2026

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ریفائنری لاگت میں کمی کے باوجود صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کی بنیادی وجہ ٹیکس اور فریٹ چارجز (Freight charges) میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔
دستاویزات کے مطابق حالیہ عرصے میں پیٹرول اور ڈیزل کی بنیادی ریفائنری قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 3 روپے 14 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 44 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی۔
تاہم اسی دوران حکومتی ٹیکسوں اور دیگر چارجز میں اضافہ کر دیا گیا، جس کے باعث مجموعی قیمتیں بڑھ گئیں۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن میں 37 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ اسی آئٹم پر آئی ایف ای مارجن میں بھی 30 روپے 21 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا۔
پیٹرول پر بھی لیوی ٹیکس میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس نے مجموعی قیمتوں میں اضافے کو مزید بڑھا دیا۔
گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق بنیادی لاگت میں کمی کے باوجود ٹیکسوں اور دیگر چارجز میں اضافہ صارفین پر مجموعی بوجھ بڑھنے کا باعث بنا ہے۔