پورے پاکستان میں تقریباً ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں: حافظ نعیم الرحمان

Calender Icon ہفتہ 25 اپریل 2026

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان (Hafiz Naeem ur Rehman) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تقریباً ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں، مگر حکومت اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔
لاہور میں جماعت اسلامی کی ممبرشپ مہم “حافظ کا ساتھ دو، نظام بدل دو” کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مہم 15 مئی تک جاری رہے گی اور اس دوران 50 لاکھ نئے ارکان بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ نوجوانوں کو گھر گھر جا کر رابطہ مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات عوامی مسائل کے حل کے بجائے تشہیری مہمات تک محدود ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے کے بجائے لیپ ٹاپ تقسیم کر کے وقتی شہرت حاصل کی جا رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ نہیں مل رہا، جبکہ گندم کی سرکاری قیمت مقرر ہونے کے باوجود کسان مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام شہری مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق مڈل کلاس طبقہ پیٹرول پر بھاری ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ لیوی اور دیگر چارجز کے باعث قیمتیں مزید بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے توانائی کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہونے کے باوجود مہنگے معاہدوں اور اضافی ادائیگیوں نے عوام پر بوجھ بڑھا دیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور مراعات یافتہ طبقے کو سہولیات دینے کی پالیسیوں نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، جبکہ بلدیاتی انتخابات نہ کرانا بھی عوامی مسائل کو بڑھا رہا ہے۔