میرپور: نو تعینات ڈی آئی جی میرپور ڈویژن کامران علی (Kamran Ali) نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کے لیے ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے وہ تمام پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں گے۔
جنگ لندن کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری معاشرے کا ایک اہم اور قابلِ فخر حصہ ہیں، جو نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں بلکہ وطن کی معیشت میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، اس لیے اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
ڈی آئی جی میرپور نے کہا کہ جائیداد کے تنازعات، قانونی پیچیدگیوں اور قبضہ مافیا جیسے مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے یا اوورسیز کشمیریوں کے حقوق متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
کامران علی کے مطابق آزاد کشمیر پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس میں شفافیت، فوری ردعمل اور احتساب کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شکایات کے فوری اندراج اور حل کے لیے خصوصی نظام اور ہیلپ لائنز متعارف کرائی جا رہی ہیں، تاکہ اوورسیز کشمیری دنیا کے کسی بھی حصے سے براہِ راست رابطہ کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے، اور ہر کیس کو میرٹ پر دیکھتے ہوئے منصفانہ فیصلے کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی میرپور نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کا اپنے وطن سے جذباتی تعلق قابلِ قدر ہے، اور پولیس ان کے اس رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔












ہفتہ 25 اپریل 2026 