اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی (Abbas Araqchi) اپنے سرکاری ملاقاتوں کے سلسلے کے بعد اسلام آباد سے عمان کے لیے روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے وفد کے ہمراہ نور خان ایئر بیس سے روانگی اختیار کی، جہاں پاکستانی اعلیٰ حکام، ایرانی سفیر اور سفارتخانے کے نمائندوں نے انہیں الوداع کیا۔
دورے کے دوران عباس عراقچی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ اپنے اگلے مرحلے میں عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچیں گے، جس کے بعد ان کا روس کا دورہ بھی متوقع ہے، جہاں وہ روسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے بعد کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ سے خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا اور ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔












ہفتہ 25 اپریل 2026 