اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ (District Administration) نے گزشتہ ایک ہفتے سے بند تمام اقسام کی پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو دوبارہ داخلے کی اجازت دے دی ہے، جس سے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں فیض آباد کے علاوہ تمام بس اڈے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، جبکہ فیض آباد بس ٹرمینل کو تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ پیرودھائی سمیت دیگر اہم ٹرانسپورٹ اڈے پیر کی صبح سے معمول کے مطابق کام شروع کر دیں گے۔
یہ فیصلہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ بندی مذاکرات کے پیش نظر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات میں نرمی کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے باعث گزشتہ ایک ہفتے سے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ محدود یا معطل تھی۔
ذرائع کے مطابق مرکزی وفود کی آمد سے قبل امریکا کی ایک ایڈوانس ٹیم پہلے ہی پاکستان پہنچ چکی تھی، جو اب واپس روانہ ہو رہی ہے۔ ایرانی وفد کی روانگی کے بعد امریکی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم کا ایک حصہ بھی واپس چلا گیا۔
ان ٹیموں کی آمد و روانگی کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اور سخت انتظامات کیے گئے تھے، تاہم اب حالات معمول پر آنے کے بعد ٹرانسپورٹ بحال کر دی گئی ہے۔












ہفتہ 25 اپریل 2026 