اعلیٰ تعلیم کا فروغ، تحقیق و جدت کی حوصلہ افزائی ترقی کی ضمانت ہے: یوسف رضا گیلانی

Calender Icon پیر 27 اپریل 2026

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی(Yusuf Raza Gilani) نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ، تحقیق و جدت کی حوصلہ افزائی ترقی کی ضمانت ہے۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے لاہور میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود ربانی شامل تھے۔

یوسف رضا گیلانی سے ملاقات میں اعلیٰ تعلیم، تعلیمی معیار، ادارہ جاتی ترقی اور جامعات کو درپیش امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں ضروری ہے کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے روایتی تدریس سے آگے بڑھ کر تحقیق، تنقیدی سوچ، اختراع اور مہارتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ نوجوان نسل کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کو قومی ترقی کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے سماجی و اقتصادی چیلنجز کے حل میں بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا، ملاقات کے دوران وائس چانسلرز نے نصاب کی جدید خطوط پر تشکیل، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے، تحقیقی فنڈنگ اور صنعت و جامعات کے مابین روابط کے فروغ سمیت اہم امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مزیدپڑھیں:پاڑہ چنار ایئرپورٹ کو دوبارہ فعال اور آپریشنل کر دیا گیا

انہوں نے جامعات کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے اور سرکاری و نجی شعبے کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اختراع، روزگار کے مواقع اور علمی ترقی کو مزید تقویت دی جا سکے۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ تعلیمی پروگراموں کو قومی ترجیحات اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے زور دیا کہ جامعات نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں، برداشت، شمولیت، جمہوری اقدار اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں۔

انہوں نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی معاونت اور انہیں عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، کوالٹی اشورنس، تعلیم تک رسائی میں توسیع اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے تعلیمی نتائج کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔