ایف آئی اے(FIA) اے سی سی کراچی نے ایک اہم کارروائی کے دوران ہنڈی اور حوالہ کے منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید گرفتاریوں اور نئے انکشافات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ایف آئی اے کراچی زون کی نگرانی میں عمل میں آئی، جہاں مالی جرائم کے خلاف ایک مؤثر اور کامیاب آپریشن کیا گیا۔ مقدمہ نمبر 34/2026 کی تحقیقات کے دوران چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ محمد اشرف اس غیر قانونی نیٹ ورک کا ایک اہم کردار ہے، جو سرحد پار غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث تھا۔ یہ نیٹ ورک نہ صرف پاکستان بلکہ متحدہ عرب امارات، چین، کینیڈا، ملائیشیا اور افریقی ممالک تک پھیلا ہوا تھا۔
ایف آئی اے اے سی سی کراچی کی ٹیم نے پورٹ وے ٹریڈ سینٹر میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران اس کے موبائل فون سے اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد ہوئے، جن سے غیر قانونی حوالہ ٹرانزیکشنز کے واضح ثبوت ملے۔
حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں اس نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں جن سے مزید اہم انکشافات اور گرفتاریوں کی توقع کی جا رہی ہے۔












جمعہ 1 مئی 2026 