پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، لیکن انتشار پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی ،طلال چوہدری

Calender Icon جمعہ 10 اکتوبر 2025

اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے ایک اہم نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے احتجاج کے نام پر فسادات پھیلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کسی جتھے کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، لیکن انتشار پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ امن معاہدے پر فلسطینیوں نے سجدہ شکر ادا کیا ہے، لیکن ٹی ایل پی کا اس معاہدے کے خلاف احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ہر عالمی فورم پر فلسطین کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے، جبکہ اسرائیل اور فلسطین کے تاریخی معاہدے پر غزہ کے شہری جشن منا رہے ہیں۔

طلال چوہدری نے الزام عائد کیا کہ ٹی ایل پی کے ماضی سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے جتھوں کی مدد سے قومی املاک پر حملے کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایل پی کے کارکنوں نے ایک درجن سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو زخمی کیا اور مسجد کے تقدس کا بھی خیال نہیں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پرسوں رات ٹی ایل پی کے کارکنوں نے فائرنگ کی، جس کی ویڈیو موجود ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ان شرپسندوں کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال نہیں کیا گیا، لیکن عوام کے تحفظ کے لیے رکاوٹیں رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹی ایل پی کے کارکنوں میں اینٹیں توڑ کر بانٹی گئیں۔ طلال چوہدری نے واضح کیا کہ کوئی بھی مذہب پولیس پر تشدد کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوائے ایک سڑک کے، پورا اسلام آباد کھلا ہے اور زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جتھہ لا کر اسلام آباد میں تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ احتجاج روکنے کے لیے کم سے کم پولیس طاقت استعمال کی گئی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی جتھے کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

طلال چوہدری نے زور دیا کہ حکومت حالات پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔